قاضی گلی میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے گاڑی پرفائرنگ کی ، تینوں موقع پر شہید ہوگئے
پشاور (یس اُردو) پشاور میں امن کے دشمنوں نے ایک بار پھر خون کی ہولی کھیلتے ہوئے وطن کے تین بیٹوں کو شہادت کے ابدی سفر پر روانہ کر دیا ۔ نامعلوم ٹارگٹ کلرز کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے ۔ بدھ کے روز فرنٹئیر کانسٹیبلری کے ڈسٹرکٹ آفیسر عامر بادشاہ اپنے ڈرائیور گل رسول اور گارڈ گل رحمان کے ہمراہ معمول کے مطابق دفتر جانے کے لئے نکلے اپنے گھر سے کچھ ہی فاصلے پر لال دین کالونی کے قریب پہنچے ہی تھے کہ پہلے سے گھات میں بیٹھے نامعلوم ٹارگٹ کلرز نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی ۔ فائرنگ کے نتیجے میں وطن کے تینوں محافظ شہید ہوگئے ۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس حکام موقع پر پہنچ گئے ، پولیس حکام کے مطابق ٹارگٹ کلرز موٹر سائیکل پر سوار تھے اور فائرنگ کرنے کے بعد گلیوں میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ پولیس نے ٹارگٹ کلرز اور ان کے سہولت کاروں کی تلاش کے لئے قاضی کلے اور اطراف میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے ۔