جماعت اسلامی کا کرپشن کے خلاف ٹرین مارچ ملتان پہنچ گیا جہاں کارکنان کی کثیر تعداد نے مارچ کے شرکاء کا شاندار استقبال کیا۔
ملتان: (یس اُردو) امیر جماعت اسلامی کا ٹرین مارچ پشاور سے آغاز سفر کرنے کے بعد راولپنڈی، وزیر آباد، گوجرانوالہ اور لاہور سے ہوتا ہوا ملتان پہنچ گیا ہے۔ اولیاء کے شہر پہنچنے پر سراج الحق کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ سراج الحق نے ملتان میں اپنے خطاب کے دوران کہا کہ پاناما لیکس پر بااختیار کمیشن بنایا جائے جس میں کرپشن ثابت ہونے پر ذمہ داروں کو ہتھکڑیاں لگا کر جیلوں میں بند کیا جائے۔سراج الحق نے کہا کہ ملک میں عدالتی نطام مفلوج ہو چکا ہے جس کو بہتر کرنے کے لئے کرپشن کے خلاف تحریک لندن تک چلائیں گے۔ اس موقع پر سراج الحق نے حکومت سے کرپشن کی کم از کم سزا 25 سال کرنے کا مطالبہ کیا جس کے بعد ٹرین مارچ کراچی کی جانب رواں دواں ہو گیا۔