شیخوپورہ(زاہد اعوان)انشورنس کمپنی کے فاروق آباد برانچ کے سیلز مینجر کو اغواء کرنے کی کوشش ، شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا ، انشورنس کروانے کے بہانے نواحی علاقہ کے ایک پٹرول پمپ پر بلوایا گیا تھا، بتایا گیا ہے کہ محمد نفیس جو ایک انشورنس کمپنی میں سیلز مینجر کے طور پر کام کررہا ہے سے بذریعہ فون انشورنس کروانے کے حوالے سے تفصیلات طلب کی گئیں اور بعدازاں انشورنس کروانے کی غرض سے ماچھیکے پٹرول پمپ پر ملاقات کا وقت طے ہوا تاکہ انشورنس کا پراسس مکمل کیا جاسکے اور سیلز مینجرمحمد نفیس اپنے سیلز آفیسر صابر علی اور ڈرائیور افتخار کے ہمراہ جب مذکورہ مقام پر پہنچے تو نامعلوم ملزمان نے ان پر دھاوا بول دیا اور انہیں گن پوائنٹ پر اغواء کرکے تھانہ صدر شیخوپورہ کے علاقہ کالوکی روڈ پر واقع ڈیرہ سپورن سنگھ سے متصل حاجی عاشق گاڈی کے ڈیرہ میں لیجا کر سیلز مینجر اور اسکے ساتھیوں سیلز افسر اور ڈرائیور کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس سے سیلز مینجر کا بازو ٹوٹ گیا اور شدید چوٹیں آئیں ، اسی دوران گشت پر آنے والی پولیس وین کے سائرن کی آواز سن کر ملزمان موقع سے فرار ہوگئے، جو سمجھے تھے کہ انشورنس کے ان افسران کے اغواء کی اطلاع پا کر پولیس ریڈ کرنے آئی ہے جبکہ ملزمان کے فرار ہونے کے بعد سیلز آفیسر نے اپنے ساتھیوں کو اطلاع دی جنہوں نے موقع پر پہنچ کر انہیں وہاں سے مقامی ہسپتال میں علاج کیلئے پہنچایا، زخمی سیلز مینجر کے مطابق اسے ملزمان عاشق گاڈی، سلطان اور اعجاز وغیرہ نے اغواء کرکے تشدد کا نشانہ بنایا، تاہم پولیس ملزمان کی گرفتاری میں کامیاب نہیں ہوسکی اور ملزمان بدستور آزاد ہیں جبکہ متاثرہ افراد نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پولیس با اثر ملزمان سے ساز بازہو کر انہیں گرفتار کرنے میں لیت و لعل سے کام لے رہی ہے اعلیٰ حکام انصاف دلائیں ، دریں اثناء انشورنس کمپنی کے مقامی حکام اور ملازمین نے اعلان کیا ہے کہ اگر ہمارے مذکورہ ساتھیوں کو انصاف کی فراہمی فوری یقینی بنائی گئی تو ملزمان کی گرفتاری سے قاصر پولیس ملازمین کے خلاف احتجاج کا راستہ اختیار کیا جائے گا۔