بچوں کی مشہور ڈرامہ سیریل عینک والا جن کے کرداروں زکوٹا جن، ہامون جادوگر، نستور جن اور چارلی ماموں کو کون نہیں جانتا۔ اس میں عمران نامی ایک بچے کا بھی کردار تھا۔ کیا آپ جانتے ہیں کہ یہ بچہ اب کیسا دکھائی دیتا ہے؟
لاہور: (یس اُردو) پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر نشر ہونے والی بچوں کی مشہور ڈرامہ سیریل عینک والا جن کو کون بھول سکتا ہے۔ 90ء کی دہائی میں نشر ہونے والی اس ڈرامہ سیریل نے بچوں کو اپنا گرویدہ کیا ہوا تھا۔ اس ڈرامے کے کردار ابھی تک ذہنوں میں موجود ہیں۔ بچے اس ڈرامے کے تمام کرداروں کو بہت پسند کرتے تھے جن میں زکوٹا جن، نستور جن، ہامون جادوگر اور چارلی ماموں قابل ذکر ہے، جنہوں نے راتوں رات شہرت کی بلندیوں کو چھو لیا تھا۔ تاہم ایک نسل کو اپنی اداکاری سے متاثر کرنے والے عینک والا جن کے بیشتر کردار آج کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔
اگر آپ نے اپنے بچپن میں ڈرامہ عینک والا جن دیکھا ہے تو آپ کو اس میں ایک بچے کا کردار ضرور یاد ہوگا جس کا نام عمران تھا۔ کیا آپ جانتے ہیں کہ عینک والا جن میں اداکاری کے جوہر دکھانے والا یہ بچہ آج کیسا ہے اور کیا کر رہا ہے؟ تو آئیے ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ اس ڈرامے میں بچے کا کردار ادا کرنے والے عمران کا اصل نام اجلال بخاری ہے جنہوں نے اپنی پڑھائی پر بھرپور توجہ دی اور تعلیم کے سلسلے میں وہ زیادہ بیرون ملک مقیم رہے۔ اجلال بخاری عینک والا جن کے فنکاروں کی مالی معاونت کے لیے بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔