آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا آپریشن ضرب عضب کامیابی کے ساتھ آخری مرحلے میں داخل ہوگیا۔ پاکستان کو مشکل اور مختلف چیلنجز کا سامنا ہے۔
راولپنڈی: (یس اُردو) آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی سربراہی میں فارمیشن کمانڈرز کا اجلاس ہوا ۔ فارمیشن کمانڈرز سے خطاب میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا پاکستان کو مشکل اور مختلف چیلنجز کا سامنا ہے۔ پاکستانی قوم گزشتہ ایک دہائی سے دہشتگردی سے متاثر ہے۔ مسلح افواج نے بے مثال پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قوم کے عزم سے صورتحال تبدیل کر دی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا آپریشن ضرب عضب کامیابی کے ساتھ آخری مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا غیر ملکی سازشوں سے آگاہ ہیں اس خواب کی تعبیر کے لیے کوئی بھی قیمت ادا کرنے کے لیے تیار ہیں اور پاکستان آرمی ہمیشہ قوم کی توقعات پر پورا اترے گی۔