counter easy hit

عالمی شہرت یافتہ باکسر محمد علی انتقال کر گئے

 Mohammad Ali died

Mohammad Ali died

محمد علی سانس کی تکلیف کے باعث کئی دن سے فینکس کے ہسپتال میں زیر علاج تھے ، سابق ہیوی ویٹ چیمپئن نے اکسٹھ مقابلے کئے ، چھپن جیتے، سینتیس میں حریفوں کو ناک آؤٹ کیا
نیو یارک (یس اُردو) سابق ہیوی ویٹ چیمپئن محمد علی انتقال کر گئے ، وہ سانس کی تکلیف کے باعث ہسپتال میں زیر علاج تھے ۔ ڈاکٹرز نے عظیم باکسر کے اگلے چند گھنٹے اہم قرار دیے تھے ۔ اس سے پہلے 2015 اور 2014 میں بھی محمد علی تشویش ناک حالت میں ہسپتال میں داخل ہوئے ۔ باکسنگ کنگ محمد علی نے بڑے بڑوں کو دن میں تارے دکھائے ۔ 74 سالہ محمد علی پہلی بار 1964 میں باکسنگ کے عالمی چیمپیئن بنے ، لیجنڈ باکسر 1974 ، 1978 میں بھی باکسنگ کے عالمی چیمپیئن کا اعزازحاصل کیا۔ سابق باکسنگ لیجنڈ محمد علی نے 1984میں پارکنسنز کی تشخیص کے بعد باکسنگ چھوڑ دی تھی ۔ محمد علی کو اس وقت شہرت حاصل ہوئی جب انہوں نے 1960 میں روم میں ہونے والے اولمپِک مقابلوں میں سونے کا تمغا جیتا لیکن جب وہ اپنے شہر واپس آئے تو انہیں سیاہ فام ہونے کی وجہ سے نوکری نہیں مل سکی، جس سے دلبرداشتہ ہوکر انہوں نے اپنا تمغہ دریا میں پھینک دیا ۔ محمد علی نے ویت نام کی جنگ کے دوران امریکی فوج میں شامل ہونے کے عہد نامے پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا تھا جس کے نتیجے میں انہیں ان کے اعزاز سے محروم کردیا گیا اور 5 سال کی سزا سنائی گئی تاہم عوامی احتجاج کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں سزا سے مستثنٰی قرار دیا گیا ۔ عالمی شہرت یافتہ باکسر محمد علی 1942میں لوزویلی امریکہ میں پیدا ہوئے ۔ 1975میں اسلام قبول کرنے سے قبل ان کا نام کاسیس مارسیس کلے تھا ۔ انہوں نے روم اولمپک 1960 کی ہیوی ویٹ کیٹگری میں گولڈ میڈل جیت کر شہرت کی وادی میں قدم رکھا اور پھر کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا ۔ انہوں نے 1964 میں ٹیونے ہینس سیکر کو ہرا کر پہلی پروفیشنل فائٹ جیتی ، باکسنگ کی ہیوی ویٹ کیٹگری میں انہیں عظیم ترین باکسر ہونے کا اعزاز حاصل ہے ۔ محمد علی نے کیرئیر میں 61 مقابلے لڑے اور 56 میں فتح حاصل کی جبکہ 5 میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑ ا ۔ انہیں سپورٹس مین آف دی سینچری اور سپورٹس پرسنالٹی آف دی سینچری کے اعزازات سے بھی نواز گیا ۔ وہ امریکی ریاست ایریزونا میں 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ۔ ان کے 9 بچے ہیں جن میں سے لیلٰی ، علی اور محمد علی جونیئر نے بھی باکسنگ کے میدان میں قدم رکھا ۔ باکسنگ کے رنگ میں ان کے کارنامے رہتی دنیا تک یاد رکھے جائیں گے