شیخوپورہ(بیورورپورٹ)تحریک انصاف شیخوپورہ نے وفاقی بجٹ کو ماضی کے بجٹ کی طرح ایک روائتی ، اعداد و شمار کا ہیر پھیر اور الفاظ کا گورکھ دھندہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ واقی بجٹ عوام دشمن اور احترام رمضان و تقدس کے بالکل منافی ہے اس بجٹ سے عام آدمی کو کوئی ریلیف نہیں ملا ، ٹیکسوں سے چلنے والی حکومت نے ایک بار پھر عوام پر ٹیکس ڈرون حملہ کردیا ہے ، اس بجٹ کے بعد کئی اور منی بجٹ بھی آئیں گے، یہ بجٹ اسلام آباد کا نہیں بلکہ واشنگٹن اور وائٹ ہاؤس کا ہے جسے پی ٹی آئی مسترد کرتی ہے، حکومت اپنے شاہانہ اخراجات اور وزراء و ارکان اسمبلی کی تنخواہوں میں کمی کا اعلان کرتی تو شاید عوام کو کچھ ریلیف ملتا، ایسے بجٹ امریکی خدمات کا گزٹ ہیں ، ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں الحاج ملک محمد اسلم بلوچ ، ملک سمیع اللہ بلوچ، حاجی غلام نبی ورک ، ملک حبیب سلطان کھوکھر، شیخ زین ندیم ، شیخ عبدالحفیظ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ان رہنماؤں نے کہا کہ وفاقی بجٹ سے ملک کے اندر کوئی تبدیلی کا انقلاب نہیں آئے گا اور نہ ہی اس سے ہوشربا مہنگائی، بے روزگاری اور کرپشن میں کمی آئے گی، یہ بجٹ بھی ماضی کے بجٹ کی طرح عوام دشمن ثابت ہوگا، بجٹ پیش کئے جانے کے موقع پر وزیر اعظم کی پارلیمنٹ میں عدم موجودگی کے باوجود بجٹ پیش کیا جانا اجلت کا مظاہرہ ہے جس کے خلاف پی ٹی آئی اپنا پر امن احتجاج ریکارڈ کروائے گی، انہو ں نے کہا کہ رمضان المبارک سے قبل آنے والے اس وفاقی بجٹ سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا ، حکومت نے احترام رمضان کو بھی ملحوظ خاطر نہیں رکھاحالانکہ رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر وفاقی حکومت کو خصوصی پیکج کا اعلان کرنا چاہئے تھا، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کا سارا دارومدار غریب عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ بڑھانے پر ہے حکومت جمع خرچ سے آگے نہ بڑھ سکی، انہوں نے کہا کہ بجٹ نے عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا، بجٹ میں صرف ٹیکسوں میں اضافہ ہوا عام آدمی کے لئے ریلیف خوردبین سے ڈھونڈنے سے بھی نہیں نظر آ رہا۔