متحدہ عرب امارات میں گاڑیوں کی رجسٹریشن نمبروں کے لیے ہونے والی نیلامی کے دوران نمبر ون یا ایک نمبر والی رجسٹریشن پلیٹ 49 لاکھ ڈالر میں نیلام ہوئی۔
دبئی: (یس اُردو) غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک نمبر کی رجسٹریشن پلیٹ کی نیلامی کے لیے مختلف افراد نے بولیاں لگائیں۔ ایک نمبر کی حامل رجسٹریشن نمبر پلیٹ کے لیے سب سے زیادہ بولی اماراتی کاروباری شخص عارف احمد الزارونی نے لگائی۔ الزارونی شارجہ کے رہنے والے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ میں ہمیشہ پہلے نمبر پر رہنا چاہتا ہوں۔ انہوں نے ایک نمبر کی رجسٹریشن پلیٹ حاصل کرنے کے لیے ابتدائی طور پر مقرر کی گئی رقم سے اٹھارہ گناہ زیادہ مالیت ادا کی ہے۔ عارف احمد الزارونی کی جانب سے خریدی گئی نمبر پلیٹ کا شمار متحدہ عرب امارات کی مہنگی ترین رجسٹریشن پلیٹ میں نہیں ہوتا۔ اس سے قبل سنہ 2008ء میں ابوظہبی میں ایک نمبر والی رجسٹریشن پلیٹ کی نیلامی ایک کروڑ 42 لاکھ ڈالر میں ہوئی تھی۔ بولی دینے والوں نے سب سے زیادہ دلچسپی 12، 22، 50، 100، 333، 777، 1000، 2016، 2020، 99999، رجسٹریشن نمبروں میں لی۔