شہر میں بلوچستان بار ایسوسی ایشن کی جانب سے تین روزہ سوگ کا اعلان بھی کیا گیا ہے
کوئٹہ (یس اُردو ) کوئٹہ میں پرنسپل لاء کالج کے قتل کے خلاف وکلاء کا عدالتی بائیکاٹ دوسرے روز بھی جاری ہے ۔پرنسپل امان اللہ کے قتل پر وکلاء کی جانب سے 3 روزہ سوگ منایا جا رہا ہے ۔ بلوچستان بار ایسوسی ایشن کی کال پر پرنسپل لاء کالج کوئٹہ امان اللہ کے قتل کے خلاف کوئٹہ سمیت صوبے میں عدالتی بائیکاٹ کی کال دی ،جس پر ہائی کورٹ سمیت تمام ماتحت عدالتوں میں دوسرے روز بھی وکلاء پیش نہیں ہوئے اور عدالتی کارروائی میں حصہ نہیں لیا ۔ عدالتوں کے بار رومز پر سیاہ جھنڈے لہرائے گئے ہیں ،وکلاء کے احتجاج کے باعث سائلین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، پرنسپل لاء کالج کو دو روز قبل گھر سے کالج جاتے ہوئے نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا ۔