مشیر خارجہ کی امریکی وفد کے سربراہ پیٹر لوئے سے ملاقات میں گفتگو ، رچرڈ اولسن اور ڈیوڈ ہیل بھی ملاقات میں موجود تھے
اسلام آباد (یس اُردو) پاکستان نے کہا ہے کہ بلوچستان میں حملہ پاکستان کی خود مختاری پر حملہ ہے ، افعان امن عمل کو بھی دھچکا لگا ۔ پاکستان کے دورے پر آئے پانچ رکنی وفد نے پیٹر لوائے کی قیادت میں دفتر خارجہ میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں پاکستان اور افغانستان سے متعلق امریکی خصوصی نمائندے رچرڈ اولسن ، پاکستان میں امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے بھی شرکت کی ۔ پاکستان کی طرف سے سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری بھی ملاقات میں موجود تھے ، ذرائع کے مطابق مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے بلوچستان میں امریکی ڈرون حملے پر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ حملہ پاکستان کی آزادی اور خود مختاری پر حملہ ہے ۔ ڈرون حملے اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہیں ۔ ڈرون حملے سے افغان مفاہمتی عمل کو دھچکا لگا ۔ جب بھی مذاکرات آگے بڑھتے ہیں کوئی نہ کوئی واقعہ رونما کر دیا جاتا ہے ، مذاکرات میں افغان مفاہمتی عمل کے مستقبل پر بات چیت کی گئی جبکہ دونوں ممالک میں تعلقات کے حوالے سے لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ امریکی وفد آرمی چیف جنرل راحیل شریف ، مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ سے ملاقات کریگا ۔