طلبہ امتحان دینے پہنچے تو سینٹر پر عملہ موجود نہ تھا ، شدید گرمی میں انتظار کرنا پڑا ، امتحان اب 14 جون کو لیا جائے گا
فیصل آباد (یس اُردو ) فیصل آباد میں ایم اے اردو پارٹ ٹو کا پیپر دینے کیلئے آنے والے طلبہ و طالبات امتحاتی عملہ نہ پہنچنے پر انتظار کی سولی پر لٹکے رہے اور بالاخر مایوس ہو کر گھروں کو لوٹ گئے ، جبکہ اردو کا پیپر کینسل کر دیا گیا جو اب 14 جون کو ہوگا ۔ پنجاب یونیورسٹی کی جانب سے ایم اے اردو پارٹ ٹو کا آج پہلا پیپر تھا ۔ ہاتھوں میں رولمبر سلپس اور ڈیٹ شیٹ تھامے طلبہ و طالبات مدینہ ٹائون میں قائم امتحانی سینٹر پہنچے جہاں سوائے طلبہ و طالبات کے ایک بھی امتحانی عملہ موجود نہ تھا ۔ سخت گرمی اور روزے کی حالت میں آئے نہ صرف طلبہ و طالبات کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا بلکہ ان کے ساتھ آئے والدین کو بھی اذیت برداشت کرنا پڑی ۔ دو گھنٹے تک عملے کا انتظار کرنے کے بعد یہ پتہ چلا کہ پیپر کینسل کر دیا گیا ہے اور اب اردو کا پیپر 14 جون کو لیا جائے گا جس پر طلبہ گھروں کو واپس لوٹ گئے