ننکانہ صاحب (محمد قمر عباس)رمضان المبار ک شروع ہوتے ہی سارا سال ” آرام” کرنے والے ضلعی افسران بھی میدان میں آگئے ،مقدمات اور جرمانوں کا ٹارگٹ پورا کرنے کے لئے کئی بے گناہ بھی زد میں آنے لگے سائلین دفاتر کے چکر لگا لگا کر تنگ آگئے۔ تفصیلات کے مطابق ایک سروے میں شہریوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کے افسران جن کا کام سارا سال عوام کو مہنگائی اور ذخیرہ اندوزوں سے بچانا ہو تا ہے ،یہ افسران سارا سال اپنے دفاتر میں سب اچھا کی رپورٹ کرتے رہتے ہیں جس کی وجہ عوام سارا سال مہنگائی ،ملاوٹ اور ذخیرہ اندوزوں کے چنگل میں پھنسے رہتے ہیں ،رمضان المبارک کا مقدس مہینہ شروع ہو تے ہی یہ افسران پنجاب حکومت کو اپنی کارکردگی دکھانے کے لئے مقدمات کے اندراج اور جرمانے کرنے میں ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کرتے ہیں جس کی وجہ سے اکثر بے گناہ چھوٹے دوکاندار ان سے متاثر ہو جاتے ہیں ،شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ افسران اگر سارا سال فیلڈ میں رہ کر اپنے فرائض احسن انداز میں سرانجام دیں تو انہیں صرف رمضان المبار ک کے مہینے میں سختی کرنے کی ضرورت پیش نہ آئے کیونکہ لوگوں نے صرف رمضان المبارک میں ہی کھانا پینا نہیں ہو تا بلکہ وہ سارا سال کھاتے پیتے ہیں ،شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور ان افسران کو پاپند کریں کہ وہ سارا سال اپنے فرائض منصبی احسن انداز میں ادا کریں ۔