حکومتی پارلیمانی کمیٹی نے ٹی او آرز پر اپوزیشن جماعتوں سے رابطہ کر لیا، خواجہ سعد رفیق اور انوشہ رحمان پر مشتمل کمیٹی کے دو رکنی وفد نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے لاہور میں ملاقات کی۔
لاہور: (یس اُردو) خواجہ سعد رفیق اور انوشہ رحمان پر مشتمل کمیٹی نے سراج الحق کو ٹی او آرز کے حوالے سے اب تک کی حکومتی رپورٹ پیش کی۔ ملاقات میں سراج الحق نے حکومتی ٹی او آرز پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکومت ٹی او آرز کے حوالے سے بالکل سنجیدہ نظر نہیں آتی، ان پر پیدا ہونے والے ڈیڈ لاک کا فوری حل نکالا جائے، تمام جماعتیں کرپٹ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی چاہتی ہیں۔اس موقع پر خواجہ سعد رفیق نے ترمیم شدہ پندرہ نکات پر مبنی حکومتی ٹی او آرز کا مسودہ سراج الحق کو پیش کیا، جس میں سب کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی شقیں شامل ہیں۔ خواجہ سعد رفیق نے اس موقع پر کہا کہ حکومت ٹی او آرز کے معاملے پر سنجیدہ ہے اور چاہتی ہے کہ کرپٹ عناصر سامنے لائے جائیں جبکہ جماعت اسلامی نے حکومت کی جانب سے نئے ٹی او آرز پر قانونی ماہرین کی آراء لینے کے بعد نئی سیاسی حکمت عملی وضع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔