لاڑکانہ میں ڈاکٹر کی مبینہ غفلت سے آپریشن کے دوران خاتون کے پیٹ میں قینچی رہ گئی، ڈاکٹر نے آپریشن کیلئے مزید پچاس ہزار روپے مانگ لئے، لواحقین پریس کلب کے سامنے انصاف کیلئے دہائیاں دیتے رہے۔
لاڑکانہ: (یس اُردو) پسماندہ علاقوں میں صحت کی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ پیسوں کے لالچ میں آ کر مسیحا انسانی زندگیوں کے ساتھ کھیلنے لگے۔ لاڑکانہ کے گاؤں اکرم خان لنجوانی کی رہائشی ستر سالہ خاتون کو تین ماہ قبل گردوں کی تکلیف ہوئی۔ نجی اسپتال کے ڈاکٹر نے آپریشن کے بعد خاتون کو چلتا کر دیا۔تکلیف ختم نہ ہونے پر خاتون کا ایکسرے کیا گیا تو پیٹ میں قینچی کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔ لواحقین نے مسیحائی کیلئے رابطہ کیا تو آپریشن کرنے والے ڈاکٹر نے قینچی نکالنے کیلئے مزید پچاس ہزار روپے مانگ لئے۔ ڈاکٹر کی بے حسی کے خلاف مریضہ کے لواحقین نے پریس کلب کے باہر احتجاج کیا۔ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ ڈاکٹر کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔