شیخوپورہ(بیورورپورٹ)مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا ہے کہ جب ملک میں ترقی و خوشحالی کا سفر تیزی سے جاری ہے تو دھرنوں کے شوقین کچھ لوگوں کو ایک بار پھر افراتفری پھیلانے کا عارضہ لا حق ہو گیا ہے ۔ عوام کی ترقی و خوشحالی کے مخالف یہ عناصر ترقی کی راہ روکنے کے درپے ہیں۔ اپنی ’’واری‘‘ کا مطالبہ کرنے والے درحقیقت پاکستان پر وار کرنا چاہتے ہیں ۔ عوام ان عناصر کو پہچانیں اور ملک و قوم کی ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنے والے ان لوگوں کے عزائم کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن جائیں۔ احتجاج اور انتشار کی سیاست کرنے والے پاکستان کی مدد کرنے کی بجائے اس کی دشمنی پر اترآئے ہیں۔ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے اقتصادی راہداری کے منصوبوں میں روڑے اٹکانے والے عناصر کا راستہ ہر صورت روکنا ہے ، سرزمین فورم میں اظہار خیال کرتے ہوئے محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا کہ تیز رفتار ترقی کے لئے توانائی بحران کا جلد خاتمہ ناگزیر ہے ۔ وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں توانائی کے منصوبوں پر جس برق رفتار ی سے کام کیا جا رہا ہے اس کی ملک کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ سی پیک کے تحت چین توانائی کے منصوبوں میں 36 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے ۔2017ء کے آخر تک توانائی کے متعدد منصوبوں کی تکمیل سے ہزاروں میگا واٹ بجلی پیدا ہو گی اور گزشتہ بارہ برس سے ملک پر چھائے اندھیروں کے بادل چھٹ جائیں گے۔ ساہیوال میں 1320 میگا واٹ کے کول پاور پلانٹ پر تیزی سے کام جاری ہے ۔ بہاولپور میں شمسی توانائی کے منصوبے سے 200 میگا واٹ بجلی حاصل ہو رہی ہے جبکہ 2017 کے اوائل میں مزید 500 میگا واٹ کے شمسی توانائی کے منصوبے بہاولپور میں لگیں گے ۔ سی پیک کے تحت سندھ ، بلوچستان ، کے پی کے ، پنجاب سمیت پاکستان کے دیگر علاقوں میں توانائی کے منصوبے لگ رہے ہیں اور ان منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان سے بجلی کا بحران ختم ہو گا اور ملک روشن ہو گا۔