لاہور میں بارش اور تیز ہواؤں سے موسم خوشگوار ہو گیا، گرمی کا زور ٹوٹنے پر روزہ دار بھی کھل اٹھے، دوسری طرف بیشتر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، لاڑکانہ، نوابشاہ، دالبندین، کوہاٹ میں پارہ 46 ڈگری رہا۔
لاہور: (یس اُردو) لاہوریوں کو دن بھر شدید گرمی نے تڑپایا اور پارہ بھی 43 ڈگری تک پہنچ گیا۔ سہ پہر کو موسم نے انگڑائی لے لی۔ تیز ہوائیں چلیں اور بادل چھا گئے۔ پھر کہیں رم جھم برسی اور کہیں بوندا باندی ہوئی۔ موسم خوشگوار ہونے پر مرجھائے چہرے بھی کھل اٹھے۔موسم کی خبر دینے والوں نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، بالائی اور وسطی پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ دوسری طرف اکثر میدانی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے۔ لاڑکانہ، نوابشاہ، دادو، دالبندین، سبی، کوہاٹ میں پارہ 46 ڈگری رہا اور روزہ دار نڈھال رہے۔ بھکر، رحیم یار خان، جیکب آباد، تربت میں 45 درجے گرمی پڑی۔