ملک کی مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے پاکستان عوامی تحریک کے دھرنے کی حمایت کا اعلان کیا گیا ہے
لاہور (یس اُردو) سانحہ ماڈل ٹاؤن کی دوسری برسی پر عوامی تحریک مال روڈ پر دھرنا دے رہی ہے ، چیئرنگ کراس سے ریگل چوک تک تیاریاں آخری مرحلے میں ہیں ۔ طاہر القادری کا کنٹینر بھی دوبارہ تیار کرلیا گیا ہے ۔ مختلف سیاسی جماعتوں نے دھرنے کی حمایت کی ہے ۔ 17 جون دو ہزار چودہ سانحہ ماڈل ٹاؤن نے حساس دلوں کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی دوسری برسی آئی تو کینیڈا میں مقیم طاہر القادری پاکستان چلے آئے ، مال روڈ پر دھرنے کا اعلان کر دیا ۔ یہ دھرنا افطاری کے بعد دیا جائے گا ۔ چیئرنگ کراس سے ریگل چوک تک دھرنے کی تیاریاں آخری مرحلے میں ہیں ۔ الفلاح بلڈنگ کے سامنے سٹیج تیار کرلیا گیا ۔ ہزاروں کرسیاں لگا دی گئی ہیں ، خواتین اور مردوں کیلئے الگ الگ انکلوژر ہیں ۔ روشنی کا انتظام بھی کیا جا رہا ہے ، جنریٹر آچکے ہیں ، اسلام آباد دھرنے میں استعمال کیا جانے والا کنٹینر بھی لاہور دھرنے کا حصہ ہوگا ۔ اس میں آرام دہ صوفے ، فلی ائیرکنڈیشنڈ ہال ، لائبریری ، کچن اور واش روم کی سہولت ہے ۔ کارکنوں کا کہنا ہے طاہر القادری کی سیکیورٹی کیلئے یہ بم پروف کنٹینر بنایا گیا ۔ عوامی تحریک کے احتجاجی دھرنے کی تحریک انصاف ، جماعت اسلامی ، قاف لیگ سمیت مختلف جماعتوں نے حمایت کی ہے ۔