ایف آئی اے حکام نے درست دستاویزات نہ ہونے پر کرسٹائل نکول نامی امریکی خاتون کو طیارے سے اتار لیا
اسلام آباد (یس اُردو ) بغیر ویزے کے اسلام آباد آنے والی امریکی خاتون کو بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ راولپنڈی سے ڈی پورٹ کر دیا گیا، امیگریشن حکام نے بیرون ممالک جانےوالے 4 مسافروں کو مشکوک ونامکمل دستاویزات پر آف لوڈ کر دیا۔ ترکی سے بے دخل 10 پاکستانیوں کو بھی حراست میں لے لیا گیا ۔ ایف آئی اے امیگریشن حکام نے بینظیر ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے ابوظہبی سے اسلام آباد آنے والی پرواز سے امریکی خاتون کرسٹائل نکول نامی امریکی خاتون کے پاس درست پاکستانی ویزہ نہ ہونے پر ڈی پورٹ کر دیا،، امریکی خاتون غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز231پر ابوظہبی سے اسلام آباد پہنچی تھی۔ بیرون ملک جانے والی پروازوں کے چار مسافر آف لوڈ کیے گئے، چاروں مسافروں کو جعلی، مشکوک اور نامکمل دستاویزات کی بنا پر پروازوں سے اتارا گیا،،، عثمان نامی مسافر کو غلط روٹ اختیار کرنے پر میلان جاتے ہوئے آف لوڈ کیا گیا، جبکہ محمد راشد اور منیر کو نامکمل سفری دستاویزات پر دوبئی کی پرواز سے اتارا گیا۔ گجرات کا رہائشی عمران نذیر نامی ملزم جعلی دستاویزات پر قطر جانے کی کوشش کر رہا تھا۔ چاروں مسافروں کو انسداد انسانی اسمگلنگ سیل منتقل کر دیا گیا ہے۔ ایف آئی اے نے ترکی میں غیر قانونی داخلے کی وجہ سے ڈی پورٹ ہونے والے دس پاکستانیوں کو بھی حراست میں لے لیا ہے، جنہیں مزید تفتیش کیلئے انسداد انسانی اسمگلنگ سیل منتقل کر دیا گیا ہے ۔