پاکستان ریلوے انتظامیہ نے نادہندگی پر لاہور میں رائل پام گالف اینڈ کنٹری کلب کا کنٹرکیٹ ختم کرکے اسے سیل کر دیا ہے۔ کلب کی سرگرمیاں عید الفطر تک معطل رہیں گی۔
لاہور: (یس اُردو) پاکستان ریلوے کی انتظامیہ نے 2 ارب 16 کروڑ روپے کی نادہندگی پر لاہور میں نہر کنارے واقع ایک سو چالیس ایکڑ اراضی پر مشتمل رائل پام گالف اینڈ کنٹری کلب نجی کمپنی سے ٹیک اوور کر لیا ہے۔ کلب کی سرگرمیاں عید الفطر تک معطل رہیں گی۔ ریلوے حکام کے ایکشن سے جہاں اربوں روپے مالیت کا قومی اثاثہ واپس لیا گیا ہے وہیں نجی کمپنی کے پانچ سو سے زائد ملازمین کا روزگار بھی خطرے میں پڑ گیا ہے۔ ریلوے پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ حکام نے جمعہ کی صبح کلب ملازمین کو باہر نکال کر انتظام سنبھال لیا۔ حکام کا کہنا تھا کہ 2001ء میں اس وقت کی ریلوے انتظامیہ سے مل کر نجی کمپنی نے خط آمادگی کی شرائط کی سنگین خلاف ورزیاں کرکے معاہدہ کی اصل مدت تینتیس سال سے بڑھا کر انچاس سال اور اراضی ایک سو تین ایکڑ سے بڑھا کر ایک سو چالیس ایکڑ کر دی گئی تھی جبکہ کرائے کی مد میں اکیس اعشاریہ چھ ملیں روپے کو دو اعشاریہ سولہ ملین کر دیا گیا جس سے فی گز کرایہ باون روپے تینتالیس پیسے سالانہ سے صرف چار روپے فی گز رہ گیا۔ تین شادی ہالز، سینما اور دیگر کمرشل عمارات بھی غیر قانونی طور پر بنائی گئیں۔ ریلوے نے اعلان کیا ہے کہ عیدالفطر تک کلب بند کر دیا گیا ہے۔