ننکانہ صاحب(محمد قمر عباس)ایم پی اے وصوبائی پارلیمانی سیکرٹری ٹرانسپورٹ حاجی محمد نواز چوہان کا سستے رمضان بازار ننکانہ اور ڈسٹرکٹ ہسپتال کا دورہعوام الناس کو اشیائے خوردونوش معیاری اور سستے داموں فروخت کرنا حکومت پنجاب کا خصوصی مشن ہے رمضان بازار کے صارفین متعلقہ رمضان بازار کے شکایات کاؤنٹر پر شکایت درج کروا سکتے ہیں جس کا فوری ازالہ ہوگا ۔ان خیالات کا اظہارایم پی اے و پارلیمانی سیکرٹری ٹرانسپورٹ حاجی محمد نواز چوہان نے غلہ منڈی ننکانہ میں قائم رمضان بازار کے اچانک دورے کے دوران کیا۔ایم پی اے و پارلیمانی سیکرٹری ٹرانسپورٹ حاجی محمد نواز چوہان نے مزید کہا کہ سستے رمضان بازاروں میں اشیاء عام مارکیٹ سے 10%سستی دستیاب ہیں۔اس موقع پرپارلیمانی سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے نہ صرف رمضان بازار میں خریداری کے لیے آئے صارفین سے ان کی شکایات سنیں بلکہ سستے آٹے اور چینی کے سٹال کی بھی چیکنگ کی اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا۔دریں اثناء ایم پی اے وصوبائی پارلیمانی سکرٹری نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا دورہ کیا اور مختلف وارڈز ، ایمرجنسی، ڈائیلائسز سنٹر، آپریشن تھیٹر،سٹا ک رجسٹر سمیت مفت ادویات کا جائزہ لیا اور محکمہ صحت کے عملے کو ہدایات جاری کیں۔