انصاف کی فراہمی کیلئے بروقت اقدامات کئے جائیں گے ، غلط کام کرنے والا کوئی بھی ہو کارروائی کی جائے گی :چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا تقریب حلف برداری سے خطاب
لاہور (یس اُردو) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید منصور علی شاہ نے عدالت عالیہ کے 45 ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا ۔ چیف جسٹس کہتے ہیں کہ غلط کام کرنے والوں کو کان سے پکڑ کر باہر نکالیں گے ۔ گورنر پنجاب نے جسٹس منصور علی شاہ سے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے عہدے کا حلف لیا ۔ حلف برداری کی تقریب میں ججز اور وکلا کے علاوہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف ، سپیکر پنجاب اسمبلی اور وزیر قانون سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی ۔ حلف اٹھانے کے بعد چیف جسٹس منصور علی شاہ لاہور ہائیکورٹ پہنچے تو پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی ۔ چیف جسٹس پالیسی بیان دینے جوڈیشل اکیڈمی پہنچے جس میں عدلیہ کے تمام افسران اور ملازمین شریک ہوئے ۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ انصاف کی بروقت فراہمی کے لیے عملی اقدامات کریں گے ۔ غلط کام کرنے والا کوئی بھی ہو کارروائی کی جائے گی ۔ چیف جسٹس نے عدلیہ کے افسران اور ملازمین کویقین دلایا کہ ان کے تمام مسائل حل کریں گے لیکن عدلیہ کے افسران اور ملازمین بھی اپنا کام ذمہ داری کے ساتھ کریں ۔