کراچی میں برساتی نالوں میں نکاسی آب میں روکاوٹ بننے والے کچرے کے ڈھیر اب تک ہٹائے نہیں گئے، ایسے میں اگر پھر بارش ہوئی تو خدشہ ہے کہ پانی نالوں سے متصل رہائشی علاقوں میں داخل ہو جائے گا۔
کراچی: (یس اُردو) شہر قائد کے بڑے برساتی نالوں پر کچرے کے ڈھیر اس قدر جمع ہو چکے ہیں کہ ان پر اگی گھاس نکاسی آب کی گزر گاہوں کو باغوں میں تبدیل کر چکی ہے۔ اس گھاس پر چلنے والے کو پتہ ہی نہیں چل پاتا کہ نیچے پانی ہے۔اگرچہ کراچی میں مون سون کی پہلی بارش برس گئی لیکن انتظامیہ تاحال نہیں جاگی۔ ایسے میں اگر پھر تیز بارش ہوئی تو کچرے سے بھرے نالوں میں برساتی پانی کے لئے جگہ نہ ہو گی۔ ان نالوں سے متصل رہائشی علاقوں کے مکین پریشان ہیں کہ اب بارش ہوئی تو برساتی پانی گھروں میں داخل ہو جائے گا کیونکہ نالوں میں نکاسی کے لئے اب جگہ ہی نہیں۔حکومت سندھ نے بارش سے قبل نالوں کی صفائی کے لئے کروڑوں روپے کے فنڈز جاری کئے لیکن کچرے سے بھرے نالے اس امر کی عکاسی کر رہے ہیں کہ صفائی کے لئے کوئی رقم خرچ نہیں کی گئی۔