کراچی میں مون سون کی پہلی بارش کے بعد بجلی کی معطلی پر اب تک قابو نہیں پایا جا سکا، گرمی کی مشکل کو بجلی کی عدم فراہمی نے مشکل ترین کر دیا ہے۔
کراچی: (یس اُردو) بارش کے بعد تیسرے روز بھی بجلی کا انتظام معمول پر نہ آ سکا۔ شہر کے علاقے ابراہیم حیدری میں مکینوں نے احتجاج کیا۔ احتجاجی مظاہرین نے کے الیکٹرک کے دفتر کا گھیراؤ کیا اور انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔شہر کے دیگر علاقوں کا احوال بھی کچھ مختلف نہیں۔ لیاقت آباد کے رہائشیوں کو بجلی نہ ہونے کے سبب پانی کی قلت کا مسئلہ بھی درپیش رہا۔ علاقہ مکینوں نے جمعۃ الوداع پر پانی نہ ملنے پر انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔دوسری جانب کے الیکٹرک کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زیادہ تر علاقوں کی بجلی بحال کر دی گئی ہے۔ تاہم شہر کے مختلف علاقوں میں فالٹس پر ہنگامی بنیاد پر کام کیا جا رہا ہے۔