وزیراعظم نوازشریف، اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، عمران خان اور مولانا فضل الرحمان سمیت متعدد شخصیات نے سعودی عرب میں دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اسلام آباد: (یس اُردو) وزیر اعظم نواز شریف نے سعودی عرب میں ہونے والے دھماکوں پر دکھ اور غم کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا حکومت اور پاکستانی عوام سعودی بھائیوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی کا شکار ہونے والوں اور ان کے اہل خانہ کیلئے دعا گو ہیں۔ دوسری جانب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ بن چکا ہے جس سے نمٹنے کے لیے اقوام عالم کو مشترکہ اقدامات کرنا ہوں گے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کہتے ہیں کہ عالمی سطح پر دہشتگردی میں تیزی باعث تشویش ہے۔ عالمی برادری کو دہشتگردی کے اسباب کا سنجیدگی سے جائزہ لینا ہو گا۔ مولانا فضل الرحمان کا اس بارے میں کہنا تھا کہ ایسی بزدلانہ کارروائیاں حرمین شریفین سے مسلمانوں کی محبت کم نہیں کر سکتیں۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ، رحمان ملک اور وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے بھی سعودی عرب میں ہونے والی دہشتگردی کی پرزور مذمت کی ہے۔