قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ ہم وزیر اعظم پاکستان کے استعفیٰ کے حق میں تب تک نہیں جب تک کچھ ثابت نہ ہو، پاناما لیکس ایک مسئلہ ہے جس کا حل کمیشن کے ذریعے ہی نکل سکتا ہے، ترکی جیسی صورتحال اگر پاکستان میں ہوئی تو وہ جمہوریت کا ساتھ دیں گے۔
پشاور: (یس اُردو) وطن ہاؤس پشاور میں شمولیتی تقریب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے آفتاب احمد خان شیرپاؤ کا کہنا تھا کہ ترکی اور پاکستان کے قریبی تعلقات ہیں، ترکی کے حالات پر تشویش ہے، گورننس میں کوئی خامی تھی تو دور کرنے کی ضرورت تھی لیکن امید ہے کہ وہاں کے حکمران صورتحال پر قابو پا لیں گے۔ایک سوال کے جواب میں آفتاب شیرپاؤ کا کہنا تھا کہ ترکی جیسے حالات اگر پاکستان میں ہوئے تو ہم جمہوریت اور عوام کا ساتھ دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پرانی کتابیں کھولنی ہیں تو پھر سب کی کھولی جائیں، صرف مجھ تک بات کرنا اچھا نہیں۔آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا کہ ہم نواز شریف کے استعفیٰ کے حق میں تب تک نہیں جب تک کچھ ثابت نہ ہو جائے، پاناما لیکس کے مسئلے کا حل کمیشن کے ذریعے ہی نکل سکتا ہے۔