سندھ کے مشیراطلاعات مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ وزیراعلی سندھ کی تبدیلی اچانک نہیں کی گئی اس کے لئے طویل عرصے سے مشاورت جاری تھی اور 2018 کے انتخابات کے لئے جوش والے وزیراعلی کی ضرورت تھی۔
کراچی: (یس اُردو) پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولابخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری نے مراد علی شاہ کو وزیراعلی سندھ نامزد کیا ہے اور اگلے ایک دو دن میں نئی کابینہ کا بھی اعلان ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا بلاول بھٹو نے مشکل لیکن بہت اہم فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے سید قائم علی شاہ کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور سید قائم علی شاہ کا رشتہ پیپلزپارٹی کے ساتھ ہمیشہ رہے گا۔ پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کی تبدیلی کا فیصلہ اچانک نہیں ہوا۔ کافی عرصے سے وزیراعلیٰ کی تبدیلی پر مشاورت جاری تھی۔ سید قائم علی شاہ نے بے پناہ خدمت کی ہے تاہم بادشاہت اللہ کی قائم رہتی ہے۔ تبدیلی تو آنی تھی اور اس کے لئے ہمت اور جوش والے رہنما کی ضرورت تھی۔ مولابخش چانڈیو کا مزید کہنا تھا کہ چہروں کی تبدیلی سے پالیسیاں تبدیل نہیں ہوتیں۔