لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ انتظامیہ اور واسا حکام کی غفلت کے باعث کئی گھنٹوں بعد بھی پانی نہ نکالا جا سکا۔ پشاور اور گوجرانوالہ جھیل کا منظر پیش کرتے رہے۔
لاہور: (یس اُردو) ابر رحمت کئی علاقوں میں زحمت بن گیا۔ ساون جھڑی سے کئی شہروں میں پانی ہی پانی ۔ لاہور میں شام کے وقت برسنے والی موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ لکشمی چوک میں کئی فٹ پانی جمع ہو گیا۔ کئی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں ڈوب گئیں۔ پشاور میں کئی گھنٹے کی بارش نے شہر کو جھیل میں تبدیل کر دیا۔ اندرون شہر پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔ نالے بند ہونے سے حاجی کیمپ گلبہار کے قریب جی ٹی روڈ بھی ڈوب گیا۔ نجی کمپنی نکاسی آب میں ناکام رہی۔ گوجرانوالہ میں تین گھنٹے مسلسل برسنے والے بادلوں سے کئی علاقے اور اہم سڑکیں ندی نالوں میں تبدیل ہو گئیں۔ واسا حکام کی غفلت کے باعث متعدد علاقوں سے کئی گھنٹے بعد بھی پانی نہ نکالا جا سکا۔ بجلی کا نظام بھی درہم برہم رہا۔ کامونکی میں جی ٹی روڈ پر تین فٹ تک پانی کھڑا ہو گیا۔ ڈسکہ ، اٹک میں بھی بارش کے بعد نکاسی آب نہ ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔