لاہور (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ لاہور میں سیاسی ٹارگٹ کلنگ واقعات خطرناک حد تک بڑھ چکے ، یہاں بھی رینجرزکے ذریعہ آپریشنز کیے جائیں ۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے لاہور میں رینجرزآپریشنز کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں جاری رینجرز کا دائرہ کار لاہور تک بڑھایا جائے ، لاہور میں سیاسی ٹارگٹ کلنگ واقعات میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے۔
پنجاب پولیس کو ن لیگ کا عسکری ونگ بنا دیا گیا ہے ، لاہور میں پی ٹی آئی کے کارکن مرزا تنویر کے قتل کی شدید مذمت کرتا ہوں ،تحریک انصاف کے دو کارکنوں خرم اور عاطف کو بھی گزشتہ سال قتل کردیا گیا تھا ، ہمارے کارکنوں کے قاتل آزادانہ طور پر گھوم پھر رہے ہیں ، شریف برادران کو جہاں سے سیاسی خطرہ ہوتا ہے وہاں گلووں کی طاقت استعمال کرتے ہیں ، پنجاب پولیس کو سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کیا جارہا ہے۔
شریف برادران نے پنجاب پولیس کا پیشہ وارانہ تشخص تباہ کردیا ہے ، لاہور میں رینجرز کے ذریعہ ٹارگٹ کلرز اور کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی کی جائے ، پولیس کی ٹارگٹ کلنگ کا دائرہ اسلام آباد تک پھیل گیا ہے ، اسلام آباد میں نوجوان وکیل فہد ملک کو جرائم پیشہ مافیا نے بے دردی سے قتل کیا ، فہد ملک پولیس سٹیشن کے سامنے قتل کیا گیا ، اسلام آباد پولیس کی طرف سے اپنی ذمہ داری ادا کرنے تک رینجرز کو ایکشن لینا چاہیے۔