مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ ڈینگی کا مکمل خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے تاکہ اس خطرناک بیماری سے شہریوں کو محفوظ رکھا جاسکے۔
حکومت پنجاب وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی ہدایات پر صوبہ پنجاب ڈینگی فری بنانے کے لیے تمام تر ممکنہ وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ انہوں نے یہ بات ڈویژنل سپریٹنڈنٹ ریلوے راولپنڈی کے دفتر میں منعقدہ ایک اجلاس میں ریلوے سٹیشن اور اس سے ملحقہ ریلوے کالونی میں انسداد ڈینگی اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔
ڈویژنل سپرٹنڈنٹ پاکستان ریلوے ملک عبدالمالک، ای ڈی او ہیلتھ راولپنڈی ڈاکٹر ارشد علی صابر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈی ایس ریلوے راولپنڈی نے سٹیشن اور اس سے ملحقہ ریلوے کالونی میں انسداد ڈینگی کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ علاقے کی سرویلنس کے لیے سات ٹیمیں مقرر کی گئی ہیں جو چار ڈاکٹرز کی زیر نگرانی اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہیں ۔