سندھ ہائیکورٹ نے بھارت میں قید 189 پاکستانیوں سے متعلق درخواست پر وفاقی وزات خارجہ اور دیگر فریقین کو بھارت کو فراہم کی گئی فہرست اور تفصیلی جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
بھارت میں قید 189 پاکستانیوں کی گمشدگی سے متعلق کیس کی سندھ ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ پاکستان نے بھارت کو 460 پاکستانیوں کی فہرست دی تھی جن میں 271کو رہا کیا گیا۔معاہدے کے تحت بھارت تمام پاکستانیوں کو رہا کرنے کا پابند ہے۔
دوران سماعت وفاقی وزارت داخلہ اور خارجہ نے رپورٹ عدالت میں پیش کی، رپورٹ کے مطابق بھارت نے 271 پاکستانیوں کو رہا کر دیا تھاجن میں 79 ماہی گیر بھی شامل ہیں۔چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے کہا کہ اگر بھارت میں 271 قیدی تھے تو لسٹ 489 کی کیوں بنائی گئی۔وفاقی وزات خارجہ اور دیگر فریقین 8 نومبر تک تفصیلی جواب جمع کرائیں۔عدالت نے حکم دیا کہ قیدیوں کے تبادلے کے دوران جو لسٹ بھارت کو فراہم کی گئی تھی وہ بھی پیش کی جائے۔