اگر ویڈیوز دیکھنے کی بات ہو تو یوٹیوب کے بعد سب سے پہلا نام فیس بک کا ہی ذہن میں آئے گا مگر کیا آپ اپنے اسمارٹ فون یا ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر پر چلنے والی ویڈیوز ٹیلیویژن پر دیکھنا پسند کریں گے؟
اگر ہاں تو فیس بک نے آپ کے لیے ایک دلچسپ فیچر متعارف کرایا ہے۔
فیس بک نے حال ہی میں ایک بیان جاری کیا، جس میں اس کا کہنا تھا، ‘ہم اپنے صارفین کی پسند کے مطابق ویڈیوز کا تجربہ بنانے پر توجہ دیتے ہیں اور لوگوں نے ہم سے اس حوالے سے مختلف آپشنز فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔’
یہی وجہ ہے کہ فیس بک نے ویڈیوز کو زیادہ سے زیادہ دیکھنے کے لیے اسمارٹ فونز یا ویب ورژن میں چلنے والی ویڈیوز ٹی وی پر چلانے کا آپشن فراہم کردیا ہے۔
فیس بک کے مطابق ایپل ٹی وی یا گوگل کروم کاسٹ جیسی ڈیوائسز کے ذریعے آپ اپنی پسندیدہ ویڈیوز کو بڑی اسکرین پر دیکھنے کا مزہ لے سکتے ہیں۔
فیس بک ویڈیوز ٹی وی پر دیکھنے کا طریقہ درج ذیل ہے۔
اپنے فون یا ڈیسک ٹاپ پر وہ ویڈیو تلاش کریں جو آپ دیکھنا چاہتے ہیں اور پھر اسے اوپن کرکے اس کے اوپر دائیں کونے میں ٹی وی کے سمبل کو کلک کریں۔
اس کے بعد اس ڈیوائس کا انتخاب کریں جو ویڈیو کو ٹی وی پر اسٹریم کرسکے۔
اب فیس بک ویڈیو کو ٹی وی پر دیکھیں۔
فیس بک ویڈیو کو ٹی وی پر دیکھتے ہوئے آپ نیوز فیڈ پر واپس جاکر اسکرولنگ کرسکتے ہیں جس سے اسٹریم ہونے والی ویڈیو پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
اسی طرح آپ مزید ویڈیو کو بھی اس کی جگہ چلا سکتے ہیں۔