اسلام آباد موٹر وے ٹول پلازہ پر شدید بد نظمی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ہیں۔ ٹول پلازہ کے تمام بیرئیر ہٹا کر ٹریفک کی روانی کو بحال کیا گیا ہے۔
اسلام آباد، لاہور، پشاور آنے اور جانے والی سینکڑوں گاڑیاں اسلام آباد موٹر وے انٹرچینج پر پھنس گئیں، جبکہ ٹریفک کو کنٹرول کرنے کےلیے موٹر وے پولیس کا عملہ کہیں نظر نہ آیا تھا۔
مسافروں کا کہنا تھا کہ ٹول پلازہ کی لوکیشن تبدیل ہونے اور عملہ کم ہونے سے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ٹول پلازہ تک پہنچنے کے لیے ہر گاڑی کو کئی گھنٹے لائن میں لگنا پڑا اور رش میں متعدد ایمبولینسیں بھی پھنسی رہیں۔
ٹریفک کی روانی کےلیے ٹول پلازہ کے تمام بیرئیر ہٹا دیے گئے اور گاڑی مالکان کو ٹول ٹیکس ادا کے بغیر ہی جانے دیا گیا۔
موٹر وے پولیس نے موقف اپنایا کہ رائے ونڈ اجتماع کے شرکا کی واپسی کے باعث ٹریفک کا لوڈ بڑھنے سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگیں، جبکہ مسافروں کا کہنا تھا کہ ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لیے ذمہ دار موٹروے اہلکار موجود ہی نہیں تھے۔