پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا رجحان مثبت ہے، مگرنظریں امریکی الیکشن پر ہیں، ٹرمپ کی جیت ہوئی توغیریقینی صورتحال عالمی مارکیٹ پر اثر انداز ہوگی۔
امریکی الیکشن میں ہیلری کلنٹن کی برتری کا اثر پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر بھی رہا، کاروبار کے آغاز کے ابتدائی 10 منٹ میں 100 انڈیکس 280 پوائنٹس اضافے سے تاریخ کی بلند ترین سطح 42413 تک پہنچ گیا،تاہم کاروباری حجم معمول سے کم ریکارڈ کیا گیا۔
ٹاپ لائن سیکورٹیز کے معاشی تجزیہ نگار سعد ہاشمی کے مطابق مارکیٹ مثبت رجحان میں ہے تاہم سرمایہ کاروں کی نظریں امریکی الیکشن پر ہے۔
انہوں نے خیال ظاہر کیا کہ ڈیموکریٹس کی جیت پر مارکیٹ کا رجحان مزید مثبت ہوجائےگا۔ تاہم ریپبلیکن کی جیت دنیا بھرکی مارکیٹس میں غیر یقینی صورتحال پیدا کرے گی، جس کا اثر پاکستانی مارکیٹ پر بھی ہوگا۔