لندن کے مشہور میوزیم مادام تساؤ میں امریکا کے 45 ویں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا مومی مجسمہ بنانے کی تیاری شروع کردی گئی۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایک طرف جہاں مادام تساؤ میوزیم میں ڈونلڈ ٹرمپ کے مجسمے پر تیزی سے کام جاری ہے، وہیں فرانس میں موجود میوزیم نے الیکشن کے نتائج آنے سے قبل ہی ڈیموکریٹک امیدوار ہیلری کلنٹن کا مجسمہ تیار کرنا شروع کردیا تھا۔
نتائج آنے کے بعد فرانس کے میوزیم میں ڈونلڈ ٹرمپ کا صرف پتلا بننا شروع ہوا ہے، جبکہ ہیلری کا مجسمہ تقریباً تیار ہوچکا ہے۔
میوزیم کے قائم مقام مینجنگ ڈائریکٹر یویس ڈیلہومیو کا کہنا تھا ‘ہم نے ڈونلڈ ٹرمپ کے مجسمے پر کام شروع کردیا ہے اور یہ 6 ماہ میں مکمل ہوجائے گا’۔
لی فیگارو نامی اخبار کے مطابق ہیلری کلنٹن کا مجسمہ مستقبل کے لیے اس میوزیم کے ایک کونے میں سنبھال کر رکھ دیا جائے گا۔
دوسری جانب مادام تساؤ میوزیم میں ری پبلکن پارٹی سے جیتنے والے ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹک پارٹی کی ہیلری کلنٹن کے مجسمے تیار کرنا شروع کردیئے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے مجسمے کا افتتاح اگلے سال 20 جنوری کو کیا جائے گا۔
مادام تساؤ میوزیم کی انتظامیہ نے اپنے فیس بک پیج پر بھی ڈونلڈ ٹرمپ کے مومی مجسمے کی ایک جھلک شائقین کے ساتھ شیئر کی۔