کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ بورڈ قارون کا خزانہ سمجھ کر رقم لٹانے لگا،گذشتہ 2 برس میں گورننگ بورڈ ممبرز کے غیرملکی دوروں پر 71 لاکھ سے زائد روپے خرچ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
حکام کے ٹورز پر کروڑوں روپے پھونکنے جانے لگے، پی سی بی کی جانب سے وفاقی وزارت بین الصوبائی رابطہ امور کو ارسال کردہ دستاویز کے مطابق 4گورننگ بورڈ ارکان کو ورلڈکپ کیلیے آسٹریلیا نیوزی لینڈ بھیجنے پر53 لاکھ 26 ہزار546 روپے خرچ ہوئے، دلچسپ بات یہ ہے کہ ایک رکن نے دورہ کرنے سے معذرت کرتے ہوئے رقم واپس کر دی پھر بھی ان کے نام پر 475252 روپے کے اخراجات درج ہیں۔ تین ارکان کو انگلینڈ سے سیریز اور پی ایس ایل کے میچز دیکھنے کیلیے یو اے ای بھیجنے پر 17 لاکھ 90 ہزار171 روپے صرف ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزارت بین الصوبائی رابطہ امور نے پی سی بی سے چند روز قبل آفیشلز کے تین سال میں غیرملکی دوروں کی تفصیل طلب کی تھی جو گذشتہ دنوں ارسال کر دی گئی، وزارت کے ذرائع سے اس کی ایک کاپی نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ کو بھی موصول ہوئی ہے،اس میں گورننگ بورڈ ارکان منصور مسعود خان، اعجاز احمد فاروقی، یوسف نعیم کھوکھر اور سیکریٹری آئی پی سی محمد اعجاز چوہدری کو 2015 میں ورلڈکپ کیلیے آسٹریلیا و نیوزی لینڈ بھیجنے کا ذکر ہے۔
دورئہ آسٹریلیا میں منصور خان پر13 لاکھ 72 ہزار 640 روپے خرچ ہوئے،اس میں 389098 ڈیلی الاؤنس اور983542 سفر کے تھے،اعجاز چوہدری پر 17 لاکھ 30 ہزار 484 روپے صرف کیے گئے،اس میں 584820ڈیلی الاؤنس و رہائش جبکہ 1145664سفر کے تھے، یوسف نعیم کھوکھر پر17 لاکھ 48 ہزار 170 روپے کے اخراجات آئے، اس میں 584820ڈیلی الاؤنس اور1163350 سفری تھے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ایک رکن اعجاز فاروقی نے دورے سے انکار کرتے ہوئے رقم واپس کر دی تھی مگر حیران کن طور پر اب بھی ان کے نام پر 4 لاکھ 75 ہزار 252 روپے جاری ہونے کا ذکر ہے، اس میں ایک لاکھ67 ہزار 452 سفری اورتین لاکھ 7 ہزار 800 روپے ڈیلی الاؤنس اور رہائش کے ہیں، ایسے میں سوال یہ اٹھتا ہے کہ جب اعجاز فاروقی ٹور پر گئے ہی نہیں اور رقم بھی واپس کر دی تو پھر وہ کہاں گئی،اس کا ذکر رپورٹ میں کیوں نہیں کیا گیا؟۔
اسی طرح دیگر ارکان گل زادہ اور نعیم اختر گیلانی فروری 2016میں پی ایس ایل میچز دیکھنے جبکہ شکیل شیخ گذشتہ برس نومبر،دسمبر میں انگلینڈ سے سیریز کے دوران یو اے ای گئے، گل زادہ پر5 لاکھ 65 ہزار755 روپے خرچ ہوئے، اس میں 286048ڈیلی الاؤنس اور رہائش اور 279707سفر کے تھے، نعیم اختر پر 4 لاکھ 31 ہزار 462 روپے کے اخراجات آئے، اس میں180638 ڈیلی الاؤنس اور رہائش جبکہ 250824سفر کے تھے، شکیل شیخ پر7 لاکھ 92 ہزار 954 روپے خرچ ہوئے اس میں542130 ڈیلی الاؤنس و رہائش اور250824 سفر کے تھے۔ بعض ارکان اپنی بیگمات کو بھی ساتھ لے کر گئے۔
مجموعی طور پر 71 لاکھ 16 ہزار 716 روپے خرچ ہوئے، اس میں 2875354 ڈیلی الاؤنس و رہائش جبکہ 4241362 سفر کےتھے۔گذشتہ دنوں گورننگ بورڈ میٹنگ میں ارکان کے باقاعدگی سے غیرملکی ٹورز کی تجویز پیش ہوئی ہے یوں مستقبل میں مزید لاکھوں روپے ارکان پر صرف ہوںگے۔