پیرس (صاحبزادہ عتیق سے ) فرانس کے دارالحکومت پیرس میں کشمیری راہنما زاہد ہاشمی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم اور انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کو بے نقاب کرنے کیلئے ملین دستخطی مہم کا آغاز کردیا۔ ملین دستخطی مہم میں کامیابی سے کشمیر کا کیس عالمی عدالت انصاف میں دائر کیا جاسکے گا۔ دو روزہ اس دستخطی مہم کا آغاز پیرس میں ایفل ٹاور کے قریب انسانی حقوق کی بلڈنگ کے چبوترے سے کیا گیا۔ اس دستخطی مہم کا مقصد یورپ بھر میں بھارت کے ظلم و ستم کو آشکار کرنا ہے۔ اور بھارتی فوج کا کشمیر سے انخلاء ہے۔ کشمیری راہنما زاہد ہاشمی کا کہنا تھا کہ پیرس سے شروع ہونے والی اس مہم کو یورپ کے تمام بڑے شہروں تک پھیلایا جائے گا اور کشمیر سے بھارت کی قابض اور درندہ صفت فوج کے انخلاء تک یہ تحریک جاری رہے گی۔ کشمیری راہنما کا کہنا تھا کہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم اور بربریت اپنی انتہاؤں کو چھو رہی ہے اور ہمارا مقصد یہ ہے کہ یورپی عوام اور یورپی ایوانوں میں کشمیریوں کی آواز پہنچائی جائے تاکہ تمام دنیا بھارت کے مکروہ چہرے سے روشناس ہوسکے۔ فرانسیسی اور یورپین خواتین و حضرات اور طلباء نے کثیر تعداد میں دستخطی مہم میں حصہ لیا ۔ فرانسیسی نوبیاہتا جوڑے نے بھی دستخطی مہم میں حصہ لیکر کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کردی۔ اس دو روزہ دستخطی مہم میں کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی نے بھی بھرپور حصہ لیا اور فرانسیسی شہریوں کو بھارتی ظلم و جبر سے آگاہ کیا۔ راجہ مظہر ذمہ واریہ نے کہا کہ پیرس سے شروع ہونے والی اس مہم کو یورپ کے تمام بڑے شہروں تک پھیلایا جائے گا اور کشمیر سے بھارت کی قابض اور درندہ صفت فوج کے انخلاء تک یہ تحریک جاری رہے دورانگی۔ دنیا کے سامنے بھارت کا مکروہ چہرہ سامنے لانا ضروری ہے۔ دنیا کی سب سے جھوٹی جمہوریت سے اسکا کوئی ہمسایہ بھی خوش نہیں ہے۔ بھارت اپنے آپ کو خطے کا چوہدری سمجھتا ہے اور کشمیریوں کو طاقت سے غلام بنانا چاہتا ہے اسکا یہ خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔ ملین دستخط مہم سے تحریک انصاف فرانس کے سینئر راہنما پرویز چوہدری ، صفدر ہاشمی ، طاہر رزاق چوہدری ، راجہ عبدالسلام ، مسلم لیگ ق فرانس کے صدر چوہدری منیر وڑائچ اور دیگر راہنماؤں نے بھی خطاب کیا اور سخت سردی کے موسم میں دستخطی مہم کے دوران فرانسیسی اور یورپین شہریوں کو کشمیریوں پر بھارتی ظلم و ستم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا اور مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا عملی ثبوت دیا۔