برسبین: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی جانب سے دیئے گئے 490 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 70 رنز بنا لئے ہیں اور گرین کیپس کو میچ جیتنے کے لئے مزید 420 رنز درکار ہیں۔
برسبین کے وولون گابا اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی جانب سے دیئے گئے 490 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں تیسرے روز کا کھیل ختم ہونے پر دو وکٹوں کے نقصان پر 70 رنز بنا لئے ہیں۔ پاکستان کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی سمیع اسلم تھے جو 15 رنز بنا کر مچل اسٹارک کا شکار بنے، بابر اعظم 14 رنز بنا کر ناتھن لیون کی گیند پر سلپ میں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اظہر علی 41 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں جب کہ ان کا ساتھ یونس خان دے رہے ہیں جنہوں نے 19 گیندوں کا سامنا کیا ہے تاہم وہ ابھی تک اپنا کھاتا نہیں کھول سکے ہیں۔ پاکستان کو جیت کے لئے مزید 420 رنز درکار ہیں جب کہ اس کی 8 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔
آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر اپنی پہلی اننگز میں 429 رنز بنائے جس میں کپتان اسٹیون اسمتھ اور ہینڈس کومب کی شاندار سنچریاں بھی شامل تھیں۔ پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں محمد عامر اور وہاب ریاض نے 4، 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ دو وکٹیں یاسر شاہ کے حصے میں آئیں۔
آسٹریلین پیس اٹیک کے سامنے پاکستانی بلے باز بے بس دکھائی دیئے اور پہلی اننگز میں پوری ٹیم صرف 142 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ سرفراز احمد پاکستان کی جانب سے ففٹی اسکور کرنے والے واحد کھلاڑی رہے وہ 59 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک، جوش ہیزل ووڈ اور جیکسن برڈ نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ ایک پاکستانی کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔ اس طرح آسٹریلیا کو پہلی اننگز میں 287 رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی۔
آسٹریلوی قائد نے پاکستان کو فالو آن کرانے کے بجائے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور دوسری اننگز 202 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر کے پاکستان کو جیت کے لئے 490 رن کا ہدف دیا۔ دوسری اننگز میں آسٹریلیا کی جانب سے عثمان خواجہ نے 74 اور اسٹیون اسمتھ نے 63 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے راحت علی نے 2 جب کہ محمد عامر، وہاب ریاض اور یاسر شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔