کراچی: سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ عوام کیلئے مایوسی نہیں امید کا پروگرام لے کر آیا ہوں اور سیاسی اداکار دماغ سے فطور نکال دیں کہ ملک سے بھاگ گیا ہوں۔
ڈیڑھ سال بعد دبئی سے کراچی پہنچنے کے بعد ایرپورٹ پر استقبال کے لئے آنے والے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری کا کہنا تھا کہ عوام کے لئے مایوسی نہیں امید کا پروگرام لے کر آیا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب بھی ملک سے باہر گیا تو سیاسی اداکاروں کی جانب سے کہا گیا کہ ملک سے بھاگ گیا ہوں لیکن انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ وہ اپنے ذہنوں سے یہ فطور نکال لیں کیونکہ ہم نے تواس ملک میں ہی مرنا ہے اور ہماری تو قبریں بھی گڑھی خدا بخش میں بنیں گی۔سابق صدر نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کے قتل کے بعد ہمیں ٹھیک طرح سے انتخابات میں بھی حصہ نہیں لینے دیا گیا لیکن اس کے باوجود ہم نے حکومت بنائی، میاں صاحب کا مینڈیٹ ٹھیک تھا یا غلط یہ اور ہے لیکن ہم نے ان کے مینڈیٹ کو تسلیم کیا تاکہ ملک میں جمہوریت پروان چڑھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے معاشی نظام کو چلانے کے طریقوں میں بہت خامیاں ہیں، ہماری سرحدوں پر بھی کچھ مسائل ہیں لیکن پاکستان کبھی بھی فیل اسٹیٹ نہیں ہو گا اور ہم اس ملک میں جمہوریت کو ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے۔ ہم اپنے بھائیوں کو اکیلا نہیں چھوڑ یں گے اور سرمایہ داروں کو عوام کی طاقت سے روکیں گے، ہم جمہوریت کو آگے بڑھائیں گے اور یہی ہمارا سب سے بڑا انتقام ہے۔پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین کا کہنا تھا کہ پاکستان شر پسندو ں کا ملک نہیں ہے اور یہاں جمہوریت پروان چڑھ رہی ہے، ایک دن آئے گا کہ پیپلز پارٹی دوبارہ ایوان میں آئے گی اور مرکز میں ہماری حکومت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ قوم جو جدوجہد کرتی ہے کبھی بھی ہار نہیں سکتیں اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کے باوجود پاکستان کا جھنڈا ان کے لئے آزادی کی علامت بن چکا ہے، آج کشمیر میں جو جدو جہد جاری ہے انہیں سلام پیش کرتا ہوں اور ایک دن کشمیر بن کے رہے گا پاکستان۔