پاکستان کی حمایت کرنے پر انھیں ہمیشہ تنقید کا سامنا رہا، ہندو انتہاء پسند تنظیموں نے اوم پوری دھمکیاں بھی دیں تاہم انہوں نے کبھی اس کی پرواہ نہیں کی تھی۔
ممبئی: بھارتی فلم انڈسٹری کے عظیم اداکار اوم پوری دل کا دورہ پڑنے سے آج انتقال کر گئے ہیں، ان کی عمر 66 برس تھی۔ اپنے فلمی کیریئر میں انہوں نے لافانی کردار ادا کرکے نسلوں کو اپنا گرویدہ بنا لیا تھا۔ ان کی فنی خدمات کو نہ صرف بھارت میں بلکہ دنیا بھر میں سراہا گیا۔ اوم پوری نہ صرف اپنی ایک کھرے اداکار تھے بلکہ ایک سچے انسان بھی تھے، وہ بھارتی میڈیا کے سامنے بھی حق بات کہنے سے نہیں گھبراتے تھے۔ اس کی زندہ مثال ان کی پاکستان اور پاکستانیوں سے والہانہ محبت اور دلی وابستگی تھی۔ انہوں نے ہمیشہ دونوں ملکوں کے عوام کو ملانے کی بات کی۔ ان ناکردہ گناہوں کی پاداش میں انھیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا جاتا، ان کی ذات پر بھی کیچڑ اچھالے جاتے، ہندو انتہاء پسند تنظیموں کی جانب سے دھمکیاں دی جاتیں اور غداری کے مقدمے قائم کیے جاتے تاہم ان اوچھے ہتھکنڈوں نے انھیں کبھی مرعوب نہیں کیا۔ اوم پوری پاکستان اور بھارت کے درمیان پرامن تعلقات کے زبردست حامی تھے۔ وہ کئی بار پاکستان کا دورہ بھی کر چکے تھے۔ اس کے علاوہ انہوں نے پاکستانی فلموں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔
گزشتہ سال جولائی میں بھارتی میڈیا میں پاکستانی اداکاروں کے خلاف ایک مہم چلائی تو اس وقت بھی اوم پوری پاکستانی فنکاروں کی حمایت سے پیچھے نہ ہٹے اور پاکستان کے حق میں بولنے پر ان کے خلاف بغاوت کا مقدمہ بھی درج کیا گیا۔ پاکستانی فنکاروں کے ساتھ کام کرنے کے سوال پراوم پوری نے دو توک الفاظ میں کہا کہ کوئی کچھ بھی کہے، وہ پاکستانی فنکاروں کے ساتھ ضرور کام کریں گے۔