حساس ادارے اور پولیس نے مختلف کارروائیوں میں 14ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ ،منشیات اور دھماکہ خیزمواد برآمد کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق حساس ادارے کے اہلکاروں نے انٹیلی جنس اطلاعات پر لانڈھی اور کورنگی میں کارروائی کرتے ہوئے فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث 5 خطرناک دہشت گردوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کرلیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ہونے والے دہشت گردبیرون ملک ساتھی دہشت گردوں سے رابطے میں تھے اور کراچی میں فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ اور پولیس اہلکاروں کو ٹارگٹ کرنا چاہتے تھے۔ دہشت گردوں کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے، جہاں ان سے تفتیش کی جارہی ہے۔اقبال مارکیٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقابلے کے بعد ملزم علی فرمان کو گرفتار کرکے اسکے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا، گرفتار ہونے والے ملزمان نے سال 2016میں فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کیا تھا ملزم سے تفتیش کی جارہی ہے۔شارع فیصل پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقابلے کے بعد زخمی حالت میں ملزم فہیم احمد عرف عبید کو گرفتار کرکے اسکے قبضے سے اسلحہ دو موبائل فونز اور چھینی ہوئی موٹر سائیکل نمبر کے ایف آئی -۲۷۵۲ برآمد کرلی۔گرفتار ہونے والے ملزم نے شہر کے مختلف علاقوں میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ ماڑی پور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وار کے ملزم سمیت 3ملزمان آصف عرف ٹیٹی، چمن مگوار اور اسلم کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزمان سے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ملزمان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے،رضویہ پولیس نے منشیات کے اڈے پر کارروائی کرتے ہوئے مقابلے کے بعد 4ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے ،گرفتار ملزمان سےاسلحہ اور منشیات برآمد کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔