تھائی لینڈ کے دارلحکومت بنکاک میں چینی قمری سال کے موقع پر مرغوں کو لڑانے کا روایتی مقابلہ منعقد کیا گیا، جس میں دو مرغوں نے اکھاڑے کا ماحول بنا کر خوب کُشتی لڑی۔
ہر سال منعقد کئے جانے والے اس روایتی میلے میں ملک سے سینکڑوں شائقین نے شرکت کی اور مرغوں کے درمیان ہونے والے اس مقابلے کے دوران گول دائرے میں بیٹھ کر سیٹیاں بجاتے ہوئے اس کھیل سے خوب لطف اندوز ہوتے دکھائی دئیے۔ پندرہ سے بیس فٹ کے اس دائرے میں ان مرغوں نے کسی ماہر پہلوانوں کی طرح تیزی سے اپنے داؤ بدلتے ہوئے ایک دوسرے پر خوب وار کئے اور جیت کی دھن میں ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کرتے نظر آئے۔ اس مقابلے میں ایک سنہری رنگ کا مرغ فاتح رہا، جس نے اپنے مالک کو 70ہزار ڈالر کا انعام بھی دلا دیا۔ نئے چینی سال کو مرغ سے منسوب کرنے کے بعد مرغوں کی لڑائی میں لوگوں نے کافی دلچسپی لی۔ واضح رہے بنکاک میں اس کے لیے الگ سے ایک اسٹیڈم بنایا گیا ہے۔