جسٹس عظمت سعید شیخ کی علالت کے باعث سپریم کورٹ میں پاناماکیس کی سماعت پیر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔
جسٹس آصف کھوسہ نے دوران سماعت بتایا کہ بنچ کےرکن جسٹس عظمت سعید کو گزشتہ روز طبیعت ناسازہونے پر اسپتال لے جایاگیا تھا،جسٹس عظمت سعید کی شریان میں رکاوٹ تھی جسے دور کردیا گیا ہے۔ ڈاکٹرز نے جسٹس عظمت کو3سے 4دن نگہداشت میں رہنےکاکہاہے ۔ عدالت نے کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کردی تاہم آئندہ سماعت بھی جسٹس عظمت سعید شیخ کی دستیابی سے مشروط ہوگی۔ سپریم کورٹ کے جج جسٹس شیخ عظمت سعید کو گزشتہ روز دل کی تکلیف کے باعث راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کیا گیا جہاں ان کی انجیو پلاسٹی کی گئی جسٹس عظمت سعیدکی طبیعت پہلے سے بہترہے تاہم ڈاکٹرز نے ایک ہفتے آرام کا مشورہ دیاہے۔ سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ میں , جسٹس آصف سعیدکھوسہ،جسٹس شیخ عظمت، جسٹس اعجاز افضل،جسٹس گلزاراحمداورجسٹس اعجازالا حسن شامل ہیں۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ دعا ہے پاناما کیس جلد از جلد انجام کو پہنچےاور عوام کو ریلیف ملے۔سیاسی جماعتوں کو آپس میں لڑنے کے بجائے کرپشن اورمہنگائی کیخلاف لڑنا چاہیے،قوم کو مہنگائی ،کرپشن ،بے روزگاری اور بے امنی جیسے مسائل کا سامناہے۔ انہوں نے قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کا احتساب چاہتے ہیں ،الفاظ کا سہارا لے کر حقائق کو چھپانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ امیر جماعت اسلامی جسٹس شیخ عظمت کی صحت یابی کے لئے دعا کی۔