یمن میں ایک عشرے سے پھنسے 7 پاکستانیوں اور ان کے خاندان کی مشکل آسان ہوگئی۔ ساتوں پاکستانی مچھیرے دفتر خارجہ اور آئی سی آر سی کی مدد سے آزاد ہو کر وطن واپس پہنچ گئے ۔
کراچی اور بلوچستان کے ماہی گیرلگ بھگ دس برس قبل مچھلی کے شکار کے لیےگئے مگر بھٹک کر انٹرنیشنل پانیوں میں پہنچ گئے اور واپس نہ آسکے ۔ قسمت ان مچھیروں کو یمن لے گئی جہاں وہ صنعاء شہر کی سینٹرل جیل میں قید کردیے گئے ۔ اپنے پیاروں کو دیکھنے کے خواہش مندوں کی دوریاں آج ختم ہوگئیں۔ انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس اور دفترخارجہ کی کوششوں سے 7پاکستانیوں کو رہائی ملی۔ یہ پاکستانی گزشتہ رات اسلام آباد کے بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ گئے ۔ انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈکراس کی نمائندہ اور دفتر خارجہ حکام نےیمن سے واپس آنے والے 7پاکستانیوں کا ان کے اہل خانہ کے ہمرا ہ ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔ دس برس قبل اپنے پائوں پر چل کر مچھلی کے شکارکے لیے جانے والے ایک ماہی گیر کو وطن واپس پہنچنے پر وہیل چئیر پر ایئرپورٹ سے باہر لایا گیا ۔ انٹرنیشنل لائونج سے باہر آنے پر یہ ماہی گیر اپنوں سے گلے ملےتو فرط جذبات میں ان کی آنکھوں سے آنسو چھلک پڑے ۔ واپس پہنچنے والے ماہی گیر آج دوپہر میں اپنے خاندان کے ہمارے آئی سی آر سی کے دفتر میں پریس کانفرنس میں اپنی روداد پیش کریںگے۔