پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھل گئے
لندن: پی ایس ایل فائنل کے لاہور میں انعقاد کے فوری بعد ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کی امیدیں روشن ہونے لگیں اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ورلڈ الیون پاکستان بھیجنے کی منصوبہ بندی شروع کردی جس کے ستمبر میں پاکستان آنے کے قوی امکانات ہیں۔
برطانوی اخبار کے مطابق لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والی ان 4 میچوں کی سیریز کو پاکستان کے قیام کی 70 ویں سالگرہ کے حوالے سے ’’آزادی کپ‘‘ کا نام دیا جائے گا اس سیریز کا مقصد 8 برس سے انٹرنیشنل کرکٹ سے محروم ملک میں ٹاپ لیول گیم کی واپسی کا سلسلہ جاری رکھنا ہے تاہم ابھی یہ فیصلہ نہیں ہوا ہے کہ ورلڈ الیون میں کون سے پلیئرز شامل ہوں گے لیکن پی ایس ایل فائنل میں غیرملکی کھلاڑیوں کی موجودگی سے مزید پلیئرز کو حوصلہ مل سکتا ہے۔
اس خبر کو بھی پڑھیں: بین الاقوامی میڈیا میں پی ایس ایل فائنل کے کامیاب انعقاد کی دھوم
اس خبر کو بھی پڑھیں: پی ایس ایل فائنل کی رنگا رنگ تقریب
آئی سی سی کے مجوزہ پروگرام کے تحت ورلڈ الیون سیریز اوورسیز ٹیم کی تشکیل 17 ستمبر کو دبئی میں ہوگی جس کے بعد وہ لاہور روانہ ہوگی جہاں پر22، 23، 28 اور 29 ستمبر کو ٹوئنٹی 20 میچز کھیلے جائیں گے۔ اس موقع پر پاکستان سپر لیگ فائنل جیسے ہی سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے اور ان انتظامات کو آئی سی سی کا وفد بھی دیکھ چکا ہے جب کہ انتظامات دیکھنے والوں میں انگلش بورڈ کے سیکیورٹی ڈائریکٹر ریگ ڈکسن بھی شامل تھے۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے لاہور میں کھیلے گئے فائنل میں انگلینڈ کے کرس جورڈن اور مڈل سیکس کے بیٹسمین ڈیوڈ میلان، ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان ڈیرن سیمی سمیت دیگر غیر ملکی کھلاڑیوں نے شرکت کی تھی جس کے بعد پاکستان میں انٹرنیشل کرکٹ کے دروازے کھلنے کی امید ہوگئی ہے۔