سوات کی تحصیل کبل میں جنگلات کی بے دریغ کٹائی سے جنت نظیر وادی کا حسن ماند پڑنے لگا ہے،اس عمل میں محکمہ جنگلات کے اہلکار بھی ملوث ہیں۔
قدرت نے سوات کو بے پناہ خوبصورتی سے نوازا ہے ، یہاں برف پوش پہاڑ، آبشاریں، دریا اور ہرے بھرے جنگلات ہیں، لیکن اب جنگلات کی بڑے پیمانے پر کٹائی سے آہستہ آہستہ وادی کا حسن ماند پڑ رہا ہے۔
محکمہ جنگلات کے حکام درختوں کی غیر قانونی کٹائی میں محکمہ کے اہلکاروں کے شامل ہونے کا اعتراف کرتے ہیں ۔ ضلعی آفیسر محکمہ جنگلات محمد یوسف خان کا کہنا ہے کہ توتانوبانڈئی میں جو کٹائی ہوئی ، اس میں ہم نے متعلقہ اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کی اور ان کو تبدیل کرکے انکوائری بھی شروع کردی ہے اور جنگلات کے تحفظ کے لئے بھرپور انتظاما ت کئے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف حکومت کاسونامی بلین ٹری کا دعویٰ ہے اور نئے درخت لگارہی ہے تو دوسری طرف کبل میں ٹمبر مافیا سوات کا حسن تباہ اور ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ کا باعث بن رہا ہے۔