لاہور: پی ایس ایل کے سفیر وسیم اکرم پی سی بی پر برس پڑے۔
وسیم اکرم نے کہا کہ بورڈ کے امور ایک صحافی چلا رہا ہے جس کو کرکٹ کا کچھ پتا نہیں، کوئی کام منصوبہ بندی سے نہیں ہوتا، سب اچانک فون آنے پر ہوتے ہیں۔
سابق کپتان نے کہا کہ نئے کپتان سرفراز احمد کو مشورے دینے کو تیار ہوں لیکن کوئی طلب تو کرے؟ کتبہ لے کر بورڈ کے سامنے کھڑا نہیں ہو سکتا کہ مجھ سے کوئی کام لو، نئے اچھے بیٹسمین سامنے نہ آنے کی وجہ فرسٹ کلاس کرکٹ کا نظام ہے جب تک اس کی خامیاں دور نہیں کریں گے، حالات بہتر نہیں ہوسکتے۔ یاد رہے کہ پی ایس ایل کے سفیر وسیم اکرم اس سے قبل ایونٹ میں سامنے آنے والے نئے ٹیلنٹ کی بھرپور ستائش کرتے رہے ہیں لیکن گزشتہ روز انھوں نے پاکستان کرکٹ سسٹم پر تنقید کے نشتر چلانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔