کراچی: رینجرز نے شہر میں دہشتگردی کی بڑی سازش ناکام بناتے ہوئے افغان ایجنسی این ڈی ایس اور بھارتی ’’را‘‘ کے لیے کام کرنے والے 5 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔
سندھ رینجرز ہیڈ کوارٹرز کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران کرنل قیصر نے بتایا کہ رینجرز کو اطلاع ملی تھی کہ مواچھ گوٹھ میں القاعدہ برصغیر کے لوگ موجود ہیں، جس پر رینجرز نے آپریشن کرکے 5 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا، ملزمان سے 8 کلو بارودی مواد، 4 عدد دستی بم برآمد ہوئے،اس کے علاوہ ان کے قبضے سے ملنے والے لیپ ٹاپ سےاہم تنصیب کی تھری ڈی تصاویر اور ملک دشمن لٹریچر ملا ہے۔ ملزموں کے قبضے سے جدید مواصلاتی نظام بھی برآمد ہوا ہے۔ کرنل قیصر نے کہا کہ گرفتار کیے گئے دہشت گردوں میں طاہر زمان عرف فیصل موٹا، فرحان صدیقی، محمد نواز، بلال احمدعرف راشد اور در محمد شامل ہیں، ان دہشت گردوں نے شام اور افغانستان سے تربیت حاصل کررکھی ہے۔ یہ دہشت گرد افغان ایجنسی این ڈی ایس اور بھارتی ’’را‘‘ سے مل کر نیٹ ورک چلا رہے تھے۔ سندھ رینجرز کے افسر نے دہشتگردوں سے متعلق بتایا کہ طاہر زمان عرف باکسر موٹا نے افغانستان میں تربیت حاصل کی، طاہر زمان نے پولیس اہلکاروں کے علاوہ لسانی تنظیموں کے کارکنوں کو بھی قتل کیا، فرحان صدیقی 2008 میں القاعدہ میں شامل ہوا اور اس نے خود کش حملے کی تربیت حاصل کر رکھی ہے۔ دہشت گرد محمد نواز 2012میں القاعدہ میں شامل ہوا اور وہ آئی ای ڈی بنانے کا ماہر ہے، رینجرز پر حملے کے دوران جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد جاوید سواتی زخمی ہوا تھا، نواز نے ہی جاوید سواتی کو طبی سہولت فراہم کی تھی، اس کے علاوہ بلال سانحہ صفوراکےمرکزی ملزم طاہرکاقریبی ساتھی ہے، بلال نے طاہر ہی کے کہنے پر قتل کی 8 وارداتیں کیں۔ کرنل قیصر نے کہا کہ آپریشن رد الفساد کےتحت دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی،شہری رینجرز کو مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع دیں۔