کراچی: دبئی میں آئندہ ماہ مئی میں ہونے والی آٹو پارٹس و اسیسریز کی عالمی نمائش آٹو مکینکا دبئی میں پاکستان سے اس بار 7 پاکستانی کمپنیاں شریک ہوں گی۔
میسے فرینکفرٹ پاکستان کے نمائندے عمر صلاح الدین کے مطابق دبئی میں مئی کی 7 تا 9 مئی تک منعقد ہونیوالے اس 3 روزہ آٹو شو میں ٹریڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی ڈیپ)کی جانب سے پاکستا ن پویلین لگایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مرتبہ دبئی آٹو مکینکا میں نمائش کنندگان کو گزشتہ برس کی نسبت 20فیصد زائد جگہ فراہم کی گئی ہے،پاکستان سے اس نمائش میں 6کمپنیاں ٹی ڈیپ کے بینر تلے جبکہ ایک کمپنی براہ راست شرکت کرے گی۔ علاوہ ازیں نمائش میں آٹو سیکٹر میں ممتاز مقام رکھنے والے ممالک کے نمائش کنندگان پارٹس و کمپوننٹ، الیکٹرانکس اینڈ سسٹم،ریپئر اینڈ مینٹیننس،ٹائرز اینڈ بیٹریز، سروس اسٹیشن اینڈ کار واش اور ایسیسریز و ٹیوننگ کے شعبوں میں اپنی اپنی مصنوعات و خدمات کا ڈسپلے کرینگے، نمائش میں پاکستان سے پاکستان آٹو پارٹس امپورٹرز ،ڈیلرز ایسوسی ایشن (پاسپیڈا) کا ایک پچاس رکنی وفد بھی شریک ہوگا۔