بجلی کی لوڈشیڈنگ پر قومی اسمبلی کا ماحول گرم ہو گیا۔ عابد شیر علی نے کہا کہ سندھ میں 183 فیڈرز پر 80 فیصد بجلی چوری ہورہی ہے، جب سچ بولتا ہوں توپی پی ارکان کو تکلیف ہوتی ہے۔
وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے ایوان میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ بجلی چوری میں دو فیصد تک کمی آئی ہے، ملک بھر میں 500 ارب روپے بجلی کی مد میں وصول کرنے ہیں۔ گردشی قرضے کی بڑی وجہ صوبوں کا پیسے نہ دیناہے مگر شکر ہےاب سندھ حکومت نے پیسے دینا شروع کر دئیے ۔ سندھ میں طویل لوڈ شیڈنگ پرپیپلز پارٹی ارکان پھٹ پڑے ،قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا کہ حقائق کے خلاف باتیں نہ کی جائیں،سندھ کے کئی علاقوں میں 18 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاہورکی بجلی چوری سندھ سے 4گنا زیادہ ہے۔ لاہور میں بجلی کی چوری چھپ جاتی ہے۔ عابد شیر علی نے کہا کہ میرے ساتھ بدتمیزی نہ کریں جب سچ بولتا ہوں تو تکلیف ہوتی ہے۔شاہ صاحب اپنے ارکان کو بھی سمجھایا کریں۔