کراچی: صوبہ سندھ میں رینجرز کے اختیارات آج رات 12 بجے ختم ہوجائیں گے لیکن وزیراعلیٰ سندھ نے تاحال اختیارات کی سمری پر دستخط نہیں کئے۔
سندھ میں امن و امان کے قیام کے لئے رینجرز کو حاصل خصوصی اختیارات کی مدت آج رات 12 بجے ختم ہورہی ہے لیکن صوبائی حکومت نے تاحال اس کی مدت میں توسیع نہیں کی۔ جس کی وجہ سے رینجرز کا ٹارگٹڈ آپریشن رکنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ داخلہ سندھ نے رینجرز کے اختیارات کی مدت میں توسیع کی سمری وزیراعلی سندھ کو ارسال کی تھی، جس میں دہشتگردی ایکٹ 1997 کی شق چار کے تحت رینجرز کو حاصل خصوصی اختیارات میں نوے دن کی توسیع کی درخواست کی گئی ہے لیکن آصف علی زرداری کے ساتھیوں کی گمشدگی کے بعد صوبائی حکومت سندھ میں رینجرز کو خصوصی اختیارات کا معاملہ ایک بار پھر شش و پنج کا شکار ہے اور اسی وجہ سے مراد علی شاہ سمری پر دستخط میں پس و پیش سے کام لے رہے ہیں۔